سندیشکھلی:سندیشکھلی میں ترنمول لیڈر شاہ جہاں کے گھر پر ای ڈی نے پھر چھاپہ مارا۔ ای ڈی کے اہلکار بدھ کی صبح سات بجے ملزم ترنمول لیڈر کے گھر پر حاضر ہوئے۔ انہوں نے دیکھا تو گھر کے گیٹ پر تالا لٹکا ہوا تھا۔ پھر اسے توڑنے کا کام شروع ہوا۔ کچھ ہی دیر میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے اہلکار شاہ جہاں شیخ کے گھر کا تالہ توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔
ای ڈی نے مرکزی مسلح افواج کے 120 سے زیادہ اہلکاروں، مقامی پولیس اور دو مقامی لوگوں کی موجودگی میں شاہ جہاں کے گھر کا تالہ توڑا۔ گھر میں داخل ہونے کے بعد ای ڈی افسران نے گیٹ اندر سے بند کر دیا اور تلاشی شروع کر دی۔ ایک تفتیشی اہلکار نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ، "ہم آج شاہ جہان شیخ کے گھر کی تلاشی لیں گے۔ ہم وہاں کے مکینوں سے بھی بات کرنے کی کوشش کریں گے۔" ای ڈی نے راشن بدعنوانی معاملے کی تحقیقات میں 5 جنوری کو سندیشکھلی کے بلاک نمبر 1 میں ترنمول لیڈر کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ لیکن وہاں پہنچنے پر ای ڈی کے اہلکاروں پر مبینہ طور پر سینکڑوں دیہاتیوں نے حملہ کیا جس کی قیادت ترنمول لیڈر شیخ شاہ جہاں کے پیروکار کر رہے تھے۔ ای ڈی کے کچھ اہلکاروں کو زخمی بھی کیا گیا۔ مرکزی فورسز کی موجودگی کے باوجود ای ڈی کے افسران کو سینکڑوں لوگوں کے حملے سے بچنے کے لیے علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔