اترپردیش پولیس کے داروغہ کی غنڈہ گردی، محکمہ جاتی تحقیقات کا حکم - investigation against Police constable in UP
🎬 Watch Now: Feature Video
Published : Dec 20, 2023, 1:24 PM IST
نوئیڈا: اتر پردیش کے نوئیڈا میں جرائم پر خاطر خواہ کامیابی نہیں مل رہی ہے۔ وہیں ایک داروغہ نے اپنی وردی کا زعم دکھا کر اس میں مزید اضافہ کر دیا۔ نوئیڈا کے بسرخ تھانہ علاقہ کی لاء ریسیڈینشل سوسائٹی میں ایک انسپکٹر کی غنڈہ گردی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں بغیر اسٹیکر کے گاڑی کو روکے جانے پر غصہ میں انسپکٹر نے سکیورٹی گارڈ کی شدید پٹائی کر دی۔ انسپکٹر کی غنڈہ گردی کی یہ ساری حرکت سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی۔ جب سوسائٹی کے لوگوں کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے ہنگامہ کھڑا کردیا۔ سکیورٹی گارڈ کی پٹائی کو لے کر سوسائٹی کے احاطہ میں کافی دیر تک ہنگامہ ہوتا رہا۔ دراصل، فیز 3 تھانے میں تعینات سب انسپکٹر کپل سنگھ لاء رہائشی سوسائٹی پہنچے۔ جہاں داخلی دروازے پر تعینات گارڈ نے بغیر اسٹیکر کے گاڑی کو اندر جانے سے روک دیا۔ گارڈ کے کار روکنے پر ناراض انسپکٹر کپل سنگھ نے گاڑی سے نیچے اترتے ہی سکیورٹی گارڈ پر تھپڑوں کی برسات کر دی۔ بے بس سکیورٹی گارڈ خاموشی سے پٹتا اور داروغہ کا عتاب سہتا رہا۔ حالانکہ انسپکٹر کی یہ حرکت انٹری گیٹ پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گئی۔ سوسائٹی کے لوگوں نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں کو بھی ڈانٹ پلائی اور کہا کہ انسپکٹر کی غنڈہ گردی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس حوالے سے میڈیا سیل کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین کے درمیان باہمی اتفاق ہو گیا ہے۔ کوئی بھی فریق قانونی کارروائی نہیں چاہتا۔ معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈی سی پی سینٹرل نے اس کی تحقیقات اے سی پی 2 سینٹرل کو سونپ دی ہے۔ پولیس افسر کی غنڈہ گردی اور سوسائٹی کے مکینوں کے احتجاج کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ جس پر لوگ طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔