کورونا وائرس: دنیا بھر میں ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک - coronavirus cases globally
عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ -19) سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرکے 1،02،734 تک پہنچ گئی ہے اور 16،99،631 افراد اس وبا متاثرہیں۔
دنیا بھر میں اب تک 3.76 لاکھ افراد اس وائرس سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔ ہندوستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کی شام جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک کی 31 ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں اب تک 6761 افراد اس وبا سے متاثرہوئے ہیں، جبکہ 206 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے سب سے شدید متاثر یورو پی ملک اٹلی میں اس وبا سے سب سے زیادہ (18849) افراد کی موت ہو چکی ہے اور اب تک 147577 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس وبا سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ لوگوں کی موت اٹلی میں ہی ہوئی ہے۔
اس عالمی وبا کے مرکز چین میں اب تک 81907 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں اور 3336 اموات ہوئی ہے۔ اس وائرس کے حوالہ سے تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہونے والی موت کے 80 فیصد کیسز 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے تھے۔
دنیا کی سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں یہ وائرس بھیانک شکل اختیار کرچکا ہے۔ یہاں پر اب تک پانچ لاکھ سے زیادہ لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 18 ہزار سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے. امریکہ میں کورنا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہوئی ہے جس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 18693 تک پہنچ گئی ہے۔
وہیں اسپین اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ یہاں اب تک 157053 افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں جبکہ 15970 لوگوں کی اس سے موت ہو چکی ہے۔
اس دوران کورونا وائرس کے کیسز اور ہلاکتوں کے معاملہ میں یورپی ملک فرانس اور جرمنی میں بھی حالات کافی خراب ہو چکے ہیں۔ فرانس میں اب تک 118790 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 13197 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ وہیں جرمنی میں کورونا وائرس سے 119401 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 2607 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ برطانیہ میں حالات مسلسل خراب ہوتے جا رہے ہیں وہاں 73758 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور اب تک 8958 لوگوں کی اس وبا سے موت ہو چکی ہے۔
کورونا وائرس سے شدید متاثرخلیجی ملک ایران میں 68192 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 4232 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔
جنوبی کوریا میں اس وبا سے 211 افراد ہلاک ہو ئے ہیں جبکہ 10480 افراد اس سے متاثرہ ہوئے ہیں۔
قابل غور ہے کہ پوری دنیا میں کورونا وائرس سے متاثر 3،76،521 افراد اب تک مکمل طور پر ٹھیک ہو چکے ہیں۔