ڈھلائی: ضلع انتظامیہ کے مطابق تریپورہ کے ڈھلائی ضلع کے گنڈا تویسا سب ڈویژن میں گذشتہ دو دنوں کے دوران ہوئے تشدد اور آگ زنی کے واقعات میں تقریباً 30 سے 40 دکانیں اور 20 سے 25 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ حکام نے اتوار کو بتایا کہ اس واقعے کے سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اتوار کو دھلائی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سجو وحید اے اور پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش رائے نے مقامی لوگوں میں اعتماد پیدا کرنے کے لیے ایک امن میٹنگ کی صدارت کی۔
سینئر پولیس اور ضلع انتظامیہ کے عہدیداروں نے مقامی تاجروں سے بات کی اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور تاجروں پر زور دیا کہ وہ بازار دوبارہ کھولیں جو کہ گذشتہ دو دنوں سے بند تھا۔ ڈی ایم سجو وحید نے کہا کہ مقامی تاجروں نے سیکورٹی مسائل سے متعلق چار نکاتی مطالبات کا چارٹر پیش کیا۔ میں یہاں مکمل صورت حال کا جائزہ لینے آیا ہوں، جو فی الحال قابو میں ہے۔
ڈی ایم سجو وحید نے کہا میں نے مقامی تاجر برادری کے نمائندوں کے ساتھ تقریبا دو گھنٹے طویل میٹنگ کی صدارت کی۔ اس میں انہوں نے کئی خدشات کا اظہار کیا۔ متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ فراہم کرنے کی درخواست کی۔ جانچ پہلے ہی مکمل ہو چکی ہے اور جلد ہی معاوضہ فراہم کر دیا جائے گا۔ پناہ گاہوں میں رہنے والوں کو جلد ہی ان کے گھروں کو واپس بھیج دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا مقامی لوگوں نے متاثرہ علاقوں میں حفاظتی کیمپ لگانے کی درخواست کی ہے، جو پہلے ہی قائم ہو چکے ہیں۔ ہم نے انہیں یقین دلایا ہے کہ جو بھی اس میں جان بوجھ کر ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ امن برقرار رکھیں اور افواہوں سے دور رہیں۔