کولکاتا:مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کے بعد ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ بنگال میں 10 جولائی کو 4 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہو نے ہیں۔ کولکاتا کے مانیک تلہ اسمبلی سے نامزد امیدوار کا نام پہلے سے ہی طے تھا۔ ترنمول کانگریس نے جمعہ کو سادھن پانڈے کی بیوی سوپتی پانڈے کے نام کا باضابطہ اعلان کیا۔
حکمراں جماعت نے ایک بار پھر ٹھاکر باڑی کی رکن اور ممتابالا ٹیگور کی بیٹی مدھوپرنا ٹھاکر کو بگدا حلقہ میں امیدوار بنایا ہے۔ بگدا اسمبلی حلقہ میں متوا سماج کے لوگوں کی اکثریت ہے۔ گزشتہ اسمبلی الیکشن کے نتائج پر نظر ڈالیں تو صرف مانک تلہ میں ترنمول کانگریس کو سبقت حاصل تھی۔اس کے علاوہ بقیہ 3 حلقوں یعنی بگدا، راناگھاٹ جنوبی اور رائے گنج میں ووٹوں کے لحاظ سے ترنمول کانگریس پیچھے ہے۔