مظفرنگر:ریاست اترپردیش کے ضلع مظفرنگر میں مشہور فلاحی ادارہ شاہ اسلامک لاٸبریری جامع مسجد کے ذمہ داران نے ضلع مجسٹریٹ سے ملاقات کی اور ماہ مقد رمضان المبارک کے دوران پختہ انتظامات کو لے کر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ضلع مجسٹریٹ کو میمورنڈم پیش کیا۔ شاہ اسلامک لاٸبریری کے بانی قاری محمد خالد بشیر قاسمی نے وفد کی قیادت کی۔ میمورنڈم پیش کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ سے مطالبہ کیا گیا کہ شہر و ضلع کے مسلم اکثریتی علاقوں میں ماہ رمضان میں سحری و افطار اور نماز تراویح کے وقت بجلی و پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک کے ایام جمعہ کو راستوں پر آمدو رفت کو محفوظ و منظم کیا جائے۔ مشترکہ آبادی والے علاقوں میں مساجد کی حفاظت کے لئے خصوصی احکامات جاری کیے جاٸیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اشیا خورد و نوش کی قیمتوں میں تشویشناک اضافہ پر کنٹرول رکھا جائے اور نقلی اور غیر معیاری اشیا کی فرختگی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے۔