نئی دہلی: دہلی پولیس نے ہنومان جینتی کے موقع پر نکالے گئے جلوس کے دوران چوکسی رکھنے کے لیے منگل کو جہانگیر پوری میں سکیورٹی بڑھا دی ہے۔ اس کے علاوہ نیم فوجی دستوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ سال 2022 میں شمال مغربی دہلی کے جہانگیر پوری علاقے میں ہنومان جینتی کے موقع پر نکالے گئے جلوس کے دوران ہونے والے فرقہ وارانہ تصادم کے پیش نظر سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ پولیس نے خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں جلوس نکالے جائیں گے سکیورٹی سخت کر دی ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ جہانگیر پوری میں جلوس کے پیش نظر سخت سکیورٹی پلان بنایا گیا ہے اور ہم جلوس کو صرف ایک علاقے تک محدود رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نیم فوجی دستوں کے ساتھ پولیس دستے سخت چوکسی رکھیں گے۔ افسر نے امن و امان کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ جاری کیا۔
غور طلب ہو کہ دہلی میں ٹریفک کو دیکھتے ہوئے ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس بارے میں پولیس نے بتایا کہ کناٹ پلیس کے کھڑگ سنگھ مارگ پر واقع ہنومان مندر میں ہنومان جنم سوت منایا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ یہاں 50 سے 60 ہزار لوگ آسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ شوبھا یاترا بھی نکالی جائے گی جو دوپہر 3 بجے سے شروع ہوگی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ جس کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔