نئی دہلی: دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ نے دہلی ایکسائز اسکام کیس میں ای ڈی کے سمن کو مسلسل نظر انداز کرنے پر دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو سمن جاری کیا ہے۔ ایڈیشنل میٹروپولیٹن مجسٹریٹ دویا ملہوترا نے ای ڈی کی دوسری شکایت پر کیجریوال کو 16 مارچ کو عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا۔
اے ایس جی ایس وی راجو نے آج ای ڈی کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ اروند کیجریوال کو ای ڈی کی جانب سے منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعہ 50 کے تحت مسلسل سمن بھیجا جارہا ہے، لیکن وہ پیش نہیں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اروند کیجریوال تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ راجو نے کہا کہ ای ڈی نے اروند کیجریوال کو 8 بار سمن بھیجا ہے۔ ای ڈی نے کیجریوال کے خلاف یہ دوسری شکایت راؤس ایونیو کورٹ میں دائر کی ہے۔
اس سے پہلے 17 فروری کو عدالت نے اروند کیجریوال کو راحت دیتے ہوئے 16 مارچ کو عدالت میں شخصی طور پر حاضر ہونے کا حکم دیا تھا۔ 17 فروری کے بعد ای ڈی نے کجریوال کو تین بار سمن جاری کیا، لیکن وہ ای ڈی کے سامنے حاضر نہیں ہوئے۔ 17 فروری کو کیجریوال نے بجٹ اجلاس اور دہلی اسمبلی کے اعتماد کی تحریک کا حوالہ دیتے ہوئے شخصی پیشی سے استثنیٰ کا مطالبہ کیا تھا۔ کیجریوال نے کیس کی اگلی سماعت پر عدالت میں شخصی طور پر حاضر ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی۔