گیا:بودھ مہوتسو کے موقع پر کالچکر میدان میں پنچایت درشن گیلری بنی ہے.اس میں ضلع کے 24 بلاکس کی 322 پنچایتوں میں کل 51 پنچایتوں کے اسٹال لگائے گئے ہیں ، اسکا مقصد حکومت کی عوامی بہبود اسکیموں اور کاموں کی نمائش کر عام لوگوں تک جانکاری فراہم کرنا ہے۔اکاون پنچایتوں میں صرف ایک ایسی پنچایت ہے۔ جس کے مکھیا کا تعلق اقلیتی طبقہ سے ہے اور وہ پنچایت بیکو پور پنچایت ہے ، جس کی مکھیا مہر انگیز خانم خود اسٹال پر موجود ہیں اور وہ اپنی پنچایت کی رپورٹ سے افسران اور یہاں آنے والے لوگوں کو واقف کرارہی ہیں ،پنچایت درشن میں موجود تمام اسٹال میں انکا واحد اسٹال ہے جہاں نا صرف پوسٹر بینر اور تصاویر کے توسط سے کاموں کی نمائش کی گئی بلکہ ڈیجیٹل طور پر بھی ایل ای ڈی کے توسط سے نمائش کی جارہی ہے ۔
ان کا اسٹال لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ، خیال ہوکہ یہ وہی مکھیا مہر انگیز خانم ہیں جنہیں سنہ 2022 میں 24 فروری کو وزیراعظم نریندر مودی نے اُنکی پنچایت بیکو پور میں ہوئے ترقیاتی کاموں کے تعلق سے ورچوئل میٹنگ میں بات کی تھی اور جموں وکشمیر میں منعقدہ پروگرام سے اُنہیں ایوارڈ سے نوازا تھا۔مہر انگیز خانم نے اپنی پنچایت میں کئی منصوبوں کو بڑے بہتر ڈھنگ سے زمینی سطح پر اتارا ہے ، چونکہ انکی پنچایت بیکو پور پچھڑی پنچایت ہونے کے ساتھ نکسل متاثرہ علاقے میں واقع ہے اس وجہ سے یہاں ترقیاتی کام بڑے اہم ہوجاتے ہیں ، ضلع کی ان پنچایتوں میں بیکوپور پنچایت شامل ہے جہاں بنیادی سہولتیں بہتر ڈھنگ سے دستیاب ہیں.
بیکوپور پنچایت میں سب سے بڑا کام بنجر زمینوں کو سبز شاداب کرنا ہے ، یہاں اس پنچایت میں مکھیا کی پہل پر کھیتوں تک آبپاشی کے لیے پانی پہنچانا ہے ، اسکے علاوہ یہاں پنچایت کی سڑکیں شہر کی طرح پختہ کر لائٹ سے سجائی گئی ہیں اور یہ سب مکھیا کی ذاتی دلچسپی سے ہوا ہے ۔