ایودھیا: طیاروں میں بم رکھنے کی دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک دن پہلے لکھنؤ ہوائی اڈے پر بنگلور جانے والی پرواز میں بم رکھنے کی فرصی اطلاع موصول ہوئی تھی اور اب بنگلورو سے ایودھیا آنے والے آکاسا ایئر لائنز کے طیارے میں بم کی اطلاع ملی ہے۔ اس کے بعد والمیکی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے بعد طیارے کی تلاشی لی گئی۔ اسی دوران بنگلورو سے گورکھپور آنے والی فلائٹ میں بھی بم کی جھوٹی دھمکی کے بعد خوف کا ماحول دیکھا گیا۔
دوسری طرف لکھنؤ کے بڑے ہوٹلوں کو بھی بم سے اڑانے کی نئی دھمکی سامنے آئی ہے۔ اس کے علاوہ 50 لاکھ روپے تاوان کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ دھمکیاں دی گئی ہیں کہ لکھنو کے ہوٹلوں میں بم چھپائے گئے ہیں، جس کے بعد پولیس کو الرٹ کردیا گیا۔