اجین: ہولی کے دن مشہور مہاکال مندر میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ بھسما آرتی کے دوران اچانک مندر میں آگ بھڑک اٹھی۔ پجاری سمیت 13 افراد زخمی ہو گئے۔ خوش قسمتی تھی کہ آگ پر بروقت قابو پالیا گیا۔ آگ لگنے کی لائیو ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔ یہاں کلکٹر نے جانچ کا حکم دیا ہے۔ تمام زخمیوں کو ضلع اسپتال کے برن وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے۔
معلومات کے مطابق پیر کی صبح مہاکال مندر میں ہولی کا تہوار منایا جا رہا تھا۔ سینکڑوں لوگ ایک دوسرے پر رنگ ڈال رہے تھے۔ بابا مہاکال کی بھسمہ آرتی کے دوران آرتی کی پلیٹ پر رنگ گرا اور پھر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کی وجہ سے مندر میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ مندر کے اندر موجود پجاری آگ میں جھلس گیا، جسے فوری طور پر علاج کے لیے ضلع اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
کلکٹر نیرج کمار سنگھ نے بتایا کہ مندر میں ہولی کھیلی جا رہی تھی۔جس میں کافور کا استعمال کرتے ہوئے آرتی کی جارہی تھی۔ کافور کی وجہ سے مزید آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جہاں سب کی حالت مستحکم ہے۔ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، معلوم کیا جائے گا کہ آگ گلال سے لگی یا آگ لگنے کی کوئی اور وجہ تھی۔