دارجلنگ:ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مغربی بنگال میں بھی لوک سبھا انتخابات کو لے کر سیاسی جماعتوں کی تشہیری مہم زور شور سے جاری ہے۔مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت تمام سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں کی جانب سے ووٹرز کو اپنی اپنی طرف راغب کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی درمیان دارجلنگ میں لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے کل 14 امیدوار میدان میں ہیں۔تمام امیدوار لوک سبھا انتخابات میں اپنی اپنی موجودگی کا احساس دلانے میں مصتوف ہیں۔ڈسٹرکٹ الیکشن آفس کے مطابق کل 14 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی موصول ہوئے اور کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیے۔
دارجلنگ لوک سبھا حلقہ 2009 سے مسلسل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدواروں نے جیتا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس بار اصل انتخابی مقابلہ بی جے پی، کانگریس اور ترنمول کانگریس کے درمیان ہے۔ تاہم گورکھ جنم مکتی مورچہ بی جے پی کے ساتھ ہے جب کہ ایک خاص برادری کے لوگ کانگریس کی حمایت کررہے ہیں۔