اورنگ آباد: اے آئی ایم آئی ایم کے سابق رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے جمعرات کو کہا کہ وہ ناندیڑ لوک سبھا ضمنی انتخاب لڑنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے سربراہ اسد الدین اویسی اس ضمن میں حتمی فیصلہ کریں گے۔
ناندیڑ لوک سبھا سیٹ کا ضمنی انتخاب 20 نومبر کو مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے ایک مرحلے کے ساتھ ہوگا، جب کہ نتائج کا اعلان 23 نومبر کو کیا جائے گا۔
اگست میں کانگریس کے موجودہ رکن پارلیمنٹ وسنت راؤ چوہان کی موت کی وجہ سے ناندیڑ لوک سبھا سیٹ پر ضمنی انتخاب ضروری ہو گیا ہے۔
امتیاز جلیل نے کہا کہ، اے آئی ایم آئی ایم کے کارکنوں نے زمین پر کام شروع کر دیا ہے۔ جلیل نے مزید کہا کہ، "میں ناندیڑ سے ضمنی انتخاب لڑنا چاہتا ہوں۔ ہماری پارٹی کے سربراہ اویسی کو حالات کا جائزہ لینے کے لیے کہا گیا ہے۔ فیصلہ انہیں ہی لینا ہے۔" انہوں نے کہا کہ ناندیڑ میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کی مضبوط موجودگی ہے اور مہاراشٹر کی سیاست میں پارٹی اسی ضلع سے داخل ہوئی ہے۔