حیدرآباد: انڈین اسکول آف بزنس (آئی ایس بی) نے آج راموجی فاؤنڈیشن کی جانب سے حیدرآباد کیمپس میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مدد کے لیے 30 کروڑ کے گرانقدر عطیہ کا اعلان کیا ہے۔ اس فراخدلانہ عطیہ کے ذریعہ موصول ہونے والے فنڈز سے ایگزیکٹو سینٹر کے حصے کے طور پر ایک جدید ترین 430 نشستوں پر مشتمل آڈیٹوریم تعمیر کیا جائے گا، تعمیر کے بعد آڈیٹوریم بین الاقوامی کانفرنسوں، تحقیقی سیمینارز، ممتاز لیکچرز اور دیگر نمایاں تعلیمی تقریبات کی میزبانی کرے گا۔
راموجی فاونڈیشن کے گرانقدر عطیہ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے آئی ایس بی بورڈ کے چیئرپرسن ہریش منوانی نے کہاکہ "ہمارے عطیہ دہندگان کی جانب سے دی گئی گرانقدر امداد نے آئی ایس بی میں سیکھنے اور تحقیق کے لیے عالمی معیار کا ادارہ کے اپنے وژن میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہم راموجی فاؤنڈیشن کے اس تعاون کے لیے شکرگزار ہیں جس کے ذریعہ اعلیٰ درجے کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں مدد ملی ہے جس کے ذریعہ آئی ایس بی کو فوقیت ملے گی۔
آئی ایس بی کے ڈین مدن پیلوٹلا نے کہاکہ ادارہ کی تاریخ انسانیت دوست اور مدد سے بھری پڑی ہے۔ راموجی فاؤنڈیشن کا فراخدلانہ عطیہ ادارہ کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گا ور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ہم عالمی معیار کے سیکھنے کے تجربات پیش کرتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: راموجی راؤ: خواب دیکھنے والا شخص جس نے سب کا مستقبل بنایا
ملک میں تمام سطحوں پر معیاری تعلیم کو فروغ دینے کے شری راموجی راؤ کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے راموجی فاونڈیشن کے ٹرسٹی چیروکری کرن نے کہاکہ "یہ تحفہ انڈین اسکول آف بزنس کو عالمی معیار کی سہولیات میں مزید ترقی دیتے ہوئے راموجی راؤ کے خواب کو پورا کرنے میں مدد دیگا۔ اس عطیہ سے ایک عالمی معیار کا آڈیٹوریم تعمیر کیا جائے گا جہاں علمی بات چیت اور علم کے تبادلے خیال کرتے ہوئے تعلیم کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ عطیہ سے ادارہ کو عالمی معیار کی سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی اور آئی ایس بی عالمی سطح پر ترقی کرے گا۔