پٹنہ: کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی آمد سے ایک دن پہلے بہار میں این ڈی اے اتحاد کے ساتھ نئی حکومت قائم ہوگئی ہے۔ راہل گاندھی کی قیادت میں آج بھارت جوڑو نیا یاترا بنگال کی سرحد سے بہار میں داخل ہو گئی ہے۔ یہ یاترا صبح 9 بجے بنگال سے متصل کشن گنج کے فرنگولا چوک پر پہنچی۔ یہاں سے راہل اگلے چار دنوں میں سات اضلاع کا سفر کریں گے۔ اس سے پہلے راہل گاندھی جب بہار آئے تھے تو تمام اپوزیشن پارٹیوں نے پٹنہ سے بی جے پی کے خلاف حکمت عملی بنانا شروع کر دی تھی، جس میں نتیش کمار کا بھی اہم رول تھا۔
راہل گاندھی آج بھارت جوڑو نیائے یاترا کے تحت سیمانچل پہنچ رہے ہیں۔ ان کے استقبال کے لیے کانگریس کے 19 اراکین اسمبلی موجود ہوں گے۔ راہل گاندھی کی آمد سے پہلے ہی بہار کی حکومت میں زبردست تبدیلی آئی ہے۔ اس بار انڈیا بلاک کے رہنما نتیش کمار نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا ہے جس کی وجہ سے اپوزیشن اتحاد میں دراڑ پیدا ہوگئی ہے۔ نتیش کمار کے رخ بدلنے کے بعد کانگریس کے ساتھ ساتھ عظیم اتحاد میں انتشار کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔