ڈاکٹر تصدق حسین کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار - ڈاکٹر تصدق حسین کے انتقال پر رنج
Condolences on the death of Dr. Tasaduq Hussain علیگڑھ مسلم یونیورسٹی برادری نے شعبہ فلسفہ کے سابق ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر تصدق حسین کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وہ علیگڑھ جرنل آف اسلامک اسٹڈیز کے ایڈیٹوریل بورڈ کے رکن بھی تھے۔
Published : Jan 24, 2024, 10:26 PM IST
علیگڑھ : علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) برادری نے شعبہ فلسفہ کے سابق ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر تصدق حسین کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ان کا مختصر علالت کے بعد 78 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) شعبہ فلسفہ کے سابق ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر تصدق حسین نے 1980 سے 2005 تک اے ایم یو میں بطور لیکچرر اور ایسوسی ایٹ پروفیسر خدمات انجام دیں۔ وہ اسلامی فلسفہ کے ماہر تھے۔ انھوں نے شاہ ولی اللہ کے فلسفہ پر پروفیسر نور نبی کی نگرانی اور رہنمائی میں پی ایچ ڈی کی مکمل کی تھی۔
وہ علی گڑھ جرنل آف اسلامک اسٹڈیز کے ایڈیٹوریل بورڈ کے رکن تھے۔ وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کے منتخب رکن بھی رہے۔ انھوں نے فلسفے کے علاوہ انگریزی میں بھی ایم اے کیا تھا۔ وہ کلاسیکی موسیقی کا بھی گہرا علم رکھتے تھے اور یونیورسٹی کے ثقافتی پروگراموں میں فعال کردار ادا کرتے تھے۔ ڈاکٹر تصدق حسین بچپن میں ہی نابینا ہو گئے تھے لیکن زندگی بھر انہوں نے معذوری کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیا۔ وہ اپنے تمام کاموں کے لیے اکیلے ہی جانا پسند کرتے تھے۔ وہ نیشنل فیڈریشن آف دی بلائنڈ سے بھی فعال طور پر وابستہ رہے۔
اے ایم یو کارگزار وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر تصدق ایک زندہ دل انسان تھے۔ علی گڑھ برادری ان کے انتقال پر سوگوار ہے۔ یونیورسٹی قبرستان میں ان کی تدفین میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔