پیرس: پیرس اولمپکس کے بارہویں دن بھارت کو میڈل کی امید تھی لیکن خواتین کے 50 کلوگرام مقابلے کے فائنل سے قبل زیادہ وزن پائے جانے کے بعد ونیش پھوگاٹ کو اولمپکس سے نااہل قرار دے دیا گیا۔ ونیش پھوگاٹ کے لیے یہ فیصلہ جتنا تکلیف دہ تھا اتنا ہی یہ فیصلہ بھارتی شائقین کے لیے بھی حیران کن اور تکلیف دہ تھا۔
اس فیصلے کو سننے کے بعد ونیش پھوگاٹ کی طبیعت بھی خراب ہوگئی جس کی وجہ سے انھیں اسپتال میں ایڈمیٹ کرایا گیا۔ جبکہ کروڑوں بھارتی شائقین سوشل میڈیا پر ونیش کے سپورٹ میں پوسٹ لکھ رہے ہیں اور اس کا حوصلہ بھی بڑھا رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ونیش پھوگاٹ نے پیرس اولمپکس کے گیارہویں دن مذکورہ زمرے میں گولڈ میڈل تک پہنچنے والی پہلی بھارتی خاتون ریسلر بن کر تاریخ رقم کی تھی۔
ونیش پھوگاٹ کا وزن 100 گرام زیادہ
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس کے بارہویں دن صبح کے وقت ونیش کا وزن 50 کلو گرام سے 100 گرام زیادہ پایا گیا۔ جس کی وجہ سے قوانین کے مطابق انھیں نااہل قرار دے دیا گیا۔ کیونکہ آپ جس وزن کے زمرے میں شرکت کرتے ہیں اس میں آپ کو اتنا ہی وزن دکھانا ہوتا ہے جتنے میں آپ نے شرکت کی ہے یا اس سے کم ہونا چاہیے۔ لیکن آپ ایک گرام بھی زیادہ وزن نہیں دکھا سکتے۔ ونیش نے اپنا وزن کرم کرنے کے لیے اپنے بال کاٹے، خون نکالا اور کوچز نے اسے 50 کلو تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی لیکن سو گرام مزید کم کرنے میں ناکام رہی۔