راجکوٹ: بھارت نے راجکوٹ ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 434 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر تاریخی جیت درج کی ہے۔ اس جیت میں ٹیم انڈیا کے نوجوان کھلاڑیوں کا سب سے زیادہ اہم کردار رہا ہے۔ جس کی وجہ سے اس جیت سے پرجوش کپتان روہت شرما نے اس شاندار جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں یشسوی جیسوال، سرفراز خان اور دھرو جریل کی تعریف میں انسٹاگرام پر ایک اسٹوری پوسٹ کی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
روہت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر نوجوان کھلاڑی یشسوی جیسوال، سرفراز خان اور دھرو جریل کی تصویر پوسٹ کی اور کیپشن میں تالیاں بجانے والی ایموجی کے ساتھ لکھا کہ 'یہ آج کل کے بچے ہیں'۔ کپتان روہت نے اس اسٹوری کو شیئر کرتے ہوئے ان تینوں نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔
راجکوٹ ٹیسٹ میں سرفراز خان اور دھرو جریل اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے۔ سرفراز نے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔ پہلی اننگز میں انہوں نے 62 رنز بنائے اور دوسری اننگز میں 68 ناٹ آوٹ رنز بنائے۔ اس کے علاوہ دھرو نے پہلی اننگز میں 46 رنز بنائے اور شاندار وکٹ کیپنگ کی۔ انگلینڈ کی چوتھی اننگز میں دھرو نے سراج کے ایک مشکل تھرو پر بین ڈکٹ کو رن آؤٹ کیا۔