حیدرآباد: بھارتی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کار حادثے کے بعد تاحال صحت یاب نہیں ہو سکے۔ وہ آئی پی ایل 2024 میں واپسی کے لیے بھی سخت محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسٹار اسپورٹس کی سیریز 'بیلیو: ٹو ڈیتھ اینڈ بیک' میں حادثے کے متعلق بہت سی باتوں کا انکشاف کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے ڈریسنگ روم کے ماحول کا بھی ذکر کیا۔۔
13 ماہ قبل پیش آنے والے خوفناک سڑک حادثے کا ذکر کرتے ہوئے رشبھ نے کہا کہ انہیں ڈر تھا کہ ان کا دایاں پیر کاٹ دیا جائے گا۔ لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت درد ناقابل برداشت تھا کیونکہ اس وقت میرا گھٹنا 180 ڈگری گھوم گیا تھا۔ میرے ساتھ کوئی تھا جس نے میرے پیر کو واپس صحیح مقام پر لانے میں میری مدد کی، اس وقت میرے گھٹنے سے ایک زوردار آواز بھی آئی۔
حادثے کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے رشبھ پنت نے کہا کہ میں اپنی ایس یو وی کار میں گھر کے لیے نکلا تھا۔ حادثے کے بعد گاڑی میں آگ لگنے سے پہلے دو افراد رجت کمار اور نشو کمار مجھے ایس یو وی سے باہر نکالنے میں کامیاب رہے۔ حادثے کے وقت میں زخموں سے واقف تھا، لیکن میں خوش قسمت تھا کیونکہ یہ زخم اور بھی سنگین ہو سکتے تھے۔پنت نے مزید کہا کہ کوئی ایسی طاقت تھی جس نے مجھے بچایا ہے اور ہر کسی کو دوسری بار زندگی نہیں ملتی۔