اسلام آباد: ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے معاملے میں پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے سابق کرکٹر شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ شاہد آفریدی نے 1998 سے 2010 کے درمیان کل 27 ٹیسٹ میچوں کی 48 اننگز میں کل 1716 رنز بنائے ہیں۔
بنگلہ دیش کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ میں محمد رضوان نے جیسے ہی 101 رنز بنائے ویسے ہی وہ آفریدی کو ٹیسٹ میں رنزن بنانے کے معاملے میں پیچھے چھوڑنے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے یہ کامیابی اپنے 31ویں ٹیسٹ میچ کی 49 ویں اننگز میں حاصل کی ہے۔
پہلے ٹیسٹ میں سعود شکیل اور رضوان کی سنچری
بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان کی بلے بازی جاری ہے۔ سعود شکیل اور محمد رضوان نے اپنی اپنی سنچریاں مکمل کر لیں ہیں۔ سعود شکیل 261 گیندوں میں 141 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔ لیکن پاکستان بڑے اسکور کی جانب گامزن ہے۔ یہ محمد رضوان اور سعود شکیل کے ٹیسٹ کیریئر کی تیسری سنچری ہے۔ خبر لکھے جانے تک پاکستان نے پانچ وکٹ کھو کر 365 رنز بنا لیے ہیں۔ محمد رضوان 133 رنز اور سلمان علی آغا 6 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن
اس سے قبل راولپنڈی میں ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرنے پر آنے والی پاکستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اس نے اپنے 3 بڑے کھلاڑی محض 16 رنز پر گنوا دیئے، لیکن اس کے باوجود پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹ گنوا کر 158 رنز بنالیے۔ عبداللّٰہ شفیق 2، شان مسعود 6 اور بابر اعظم صفر رن پر ہی پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد صائم ایوب اور سعود شکیل کے درمیان 98 رنز کی پارٹنرشپ نے ٹیم کو سنبھالا، صائم ایوب نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلا دیش کی جانب سے شریف الاسلام اور حسن محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔