حیدرآباد: بھارتی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار تیز گیندباز محمد شامی نے پاکستان کے وقار یونس کو اپنا پسندیدہ تیز گیندباز قرار دیا ہے۔ محمد شامی نے اسٹار اسپورٹس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے وقار یونس اور ڈیل اسٹین بہت پسند ہیں۔
واضح رہے کہ وقار یونس کا پاکستان کرکٹ ٹیم کے خطرناک تیز گیندبازوں میں شمار ہوتا ہے، ان کے ایک ہاتھ میں صرف چار انگلیاں تھیں اس کے باوجود وہ گیندوں کو شاندار طریقے سے سوئنگ کراتے تھے اور وکٹ نکالتے تھے۔ وقار نے 87 ٹیسٹ میں 373 اور 262 ون ڈے میچوں میں 416 وکٹیں حاصل کیں۔
وہیں جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین بھی اپنی تیز رفتار اور تیز گیند بازی سے بلے بازوں کو تہس نہس کر دیتے تھے۔ ڈیل اسٹین نے 93 ٹیسٹ میں 439، 125 ون ڈے میں 196 اور 47 ٹی ٹوئنٹی میں 64 وکٹیں حاصل کیں۔
اس ویڈیو میں شامی اپنے دوسرے نام کے بارے میں بھی بات کرتے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں ہر کسی کا ایک دوسرا نام ہوتا تھا ، صرف ان کا ہی کوئی دوسرا نام نہیں تھا۔