حیدرآباد: آئی پی ایل میں ہر سال بھارت کے لیے نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے، اس سال بھی بھارت کے کچھ انکیپڈ کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے دروازے پر دستک دی ہے۔ اس سال آئی پی ایل کا فائنل میچ حیدرآباد بمقابلہ کولکتہ کے درمیان کھیلا گیا۔
حیدرآباد کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 18.3 اوور میں صرف 113 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، جس کے جواب میں کولکتہ نے 10.3 اوور میں ہدف کو حاصل کرکے حیدرآباد کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔
اس سیزن میں گیند بازی سے لیکر بلے بازی تک بھارتی کھلاڑیوں کا ہی جلوہ رہا ہے۔ جس کی وجہ سے اورینج کیپ اور پرپل کیپ کے ساتھ ساتھ ایمرجنگ پلیئر کا ایوارڈ بھارتی کھلاڑیوں کے نام رہا ہے۔
نتیش ریڈی ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ رہے: آئی پی ایل 2024 کے اس سیزن میں ابھرتے ہوئے ستارے کا ایوارڈ نتیش ریڈی کو دیا گیا۔ حیدرآباد کے اس کھلاڑی نے اس سال کئی اہم اننگز کھیلی ہیں۔ ریڈی نے اس سیزن میں 33.67 کی اوسط اور 142.9 کے اسٹرائیک ریٹ سے کل 303 رنز بنائے ہیں۔ ریڈی نے اس سیزن میں دو نصف سنچریاں بھی کیں۔ راجستھان کے خلاف لیگ میچ میں ریڈی نے 42 گیندوں میں 76 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے شامل تھے۔
نتیش ریڈی کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ایوارڈ اس ان کیپڈ کھلاڑی کو دیا جاتا ہے جو کرکٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے سب کے دل پر چھا جاتا ہے۔ ریڈی کو اس ایوارڈ کے ساتھ 10 لاکھ روپے بھی دیے گئے۔