کولمبو: ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جا رہی ہے۔ اس سیریز کے دوسرے میچ میں ہندوستان نے سری لنکا کو بارش سے متاثرہ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ٹی 20 سیریز پر بھی قبضہ کرلیا اور 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 سے آگے ہے۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سری لنکا نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کی بیٹنگ کے آغاز میں ہی بارش نے تباہی مچا دی۔ اس کے بعد ہندوستان کو 8 اوورز میں 78 رنز کا ہدف ملا جو اس نے اپنی مضبوط بلے بازی کے بل بوتے پر 6.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
سری لنکا کی جانب سے کوسل پریرا نے 34 گیندوں پر 53 رنوں کی نصف سنچری اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ پتھم نسانکا 32، کوسل مینڈس 10، کامندو مینڈس 26، کپتان چارتھ اسالنکا 16 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کے دو بلے باز دشون شنکا اور وینندو ہسرنگا اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔