نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم شبمن گل کی کپتانی میں کل یعنی 6 جولائی (ہفتہ) سے زمبابوے کے خلاف 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز کرے گی۔ اس ٹی 20 سیریز میں ہندوستانی ٹیم جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، محمد سراج اور محمد شامی جیسے اسٹار اور تجربہ کار گیند بازوں کے بغیر زمبابوے کا سامنا کرنے جا رہی ہے۔
ایسے میں ہندوستانی بالنگ کی قیادت کون کرے گا اور کون سے گیند باز زمبابوے کے بلے بازوں کو قابو میں کرنے کا ذمہ اٹھائے گا؟ آج ہم آپ کو اس کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں۔
اویش خان اور مکیش کمار ہندوستان کی تیز گیند بازی کی قیادت کرتے نظر آئیں گے۔ دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز خلیل احمد اور تشار دیشپانڈے ان کا ساتھ دیتے نظر آئیں گے۔ اس کے ساتھ روی بشنوئی اور واشنگٹن سندر اسپن ڈپارٹمنٹ کا چارج سنبھالتے نظر آئیں گے۔ تو آئیے ان باؤلرز کے حیران کن اعدادوشمار پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
اویش خان: ٹیم انڈیا کے نوجوان دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز اویش خان اپنی درست لائن اور لینتھ کے لیے جانے جاتے ہیں۔ اویش نے ہندوستان کے لیے اب تک 20 T20 بین الاقوامی میچوں کی 19 اننگز میں 19 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ اس دوران ان کی بہترین کارکردگی 18 رنز کے عوض 4 وکٹ رہی ہے۔
مکیش کمار: مکیش کمار بھلے ہی ہندوستانی ٹیم میں ایک نیا چہرہ ہوں لیکن انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی بالنگ پر بہت محنت کی ہے جس کی وجہ سے وہ اس دورے پر ٹیم کے اہم بولر ہیں۔ مکیش نے ہندوستان کے لیے اب تک 14 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں کل 12 وکٹ لیے ہیں۔ اس دوران ان کی بہترین کارکردگی 32 رنز دے کر 3 وکٹ رہی ہے۔