حیدرآباد:میچ اتنا دلچسپ تھا کہ راجستھان رائلز آخری گیند پر روومین پاول کے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے کی وجہ سے میچ ایک رن سے ہار گئی۔ 202 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے والی راجستھان کی شروعات بہت خراب رہی اور اس نے پہلے ہی اوور میں جوس بٹلر (0) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد تیسرے اوور میں کپتان سنجو سیمسن بھی پویلین (صفر) لوٹ گئے۔ ایسے میں یشسوی اور ریان نے نہ صرف اننگز کو سنبھالا بلکہ تیزی سے رن بھی بنائے۔
یشسوی جیسوال نے 40 گیندوں میں سات چوکے اور دو چھکے لگا کر (67) رن بنائے۔ ریان پراگ نے 49 گیندوں پر 77 رن کی اننگز کھیلی جس میں آٹھ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ شمرون ہیٹمائر (13)، دھرو جوریل (1)، روی اشون (1) اور روومن پاول (27) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ روی اشون (دو) رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ راجستھان کی ٹیم مقررہ 20 اووروں میں سات وکٹ پر صرف 200 رن بنا سکی اور ایک رن سے میچ ہار گئی۔
حیدرآباد کی جانب سے بھونیشور کمار نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ پیٹ کمنز اور تھنگاراسو نٹراجن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل نتیش کمار ریڈی ناٹ آوٹ (76) اور ٹریوس ہیڈ (58) کی شاندار نصف سنچریوں کی مدد سے سن رائزرس حیدرآباد نے راجستھان رائلز کو جیت کے لیے 202 رن کا ہدف دیا تھا۔