حیدرآباد: سابق آسٹریلوی اسپنر بریڈ ہوگ نے ویراٹ کوہلی کے تعلق سے ایک بیان دے کر عالمی کرکٹ میں نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ بریڈ ہوگ نے پیشن گوئی کی ہے کہ ویراٹ کوہلی اب اس فارم میں نہیں کھیلتے ہیں جیسا پہلے کھیلتے تھے اس لیے اب وہ سچن کے ریکارڈ کو نہیں توڑ پائیں گے۔ ایک وقت ویراٹ کوہلی کو سچن تنڈولکر کے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز کا ریکارڈ توڑنے کا اہم دعویدار سمجھا جاتا تھا۔
ویراٹ کوہلی کو اب کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں تنزلی کا سامنا ہے۔ 2020 سے ان کی ٹیسٹ اوسط 50 سے نیچے آنے کے بعد، ہوگ کے اس بیان نے اب ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے کہ آیا دائیں ہاتھ کے اسٹار ہندوستانی بلے باز نے تنڈولکر کے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز کا ریکارڈ توڑنے کا موقع گنوا دیا ہے۔
ایک یوٹیوب چینل پر بریڈ ہوگ نے تنڈولکر کے ٹیسٹ رنز کا کوہلی اور انگلینڈ کے اسٹار بلے باز جو روٹ سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ صرف روٹ ہی تنڈولکر کے 200 ٹیسٹ کیریئر میں بنائے گئے 15,921 رنز کے عالمی ریکارڈ کو توڑنے کے لیے اہم دعویدار ہیں۔ کیونکہ کوہلی اب اپنی فارم کھو چکے ہیں۔
بریڈ ہوگ نے یہ بھی کہا کہ 'میرے خیال میں ویراٹ کوہلی سچن کے قریب تک نہیں پہنچ پائیں گے۔ کیونکہ انھوں نے اپنا مومنٹم کھو دیا ہے اور یہ پچھلے کئی سالوں فارم میں نہیں ہیں۔ انہیں اگلے 10 ٹیسٹ میچوں میں واپسی کرنی ہوگی ورنہ وہ کافی زیادہ پیچھے رہ جائیں گے۔