کولکاتہ: مغربی بنگال کے کولکاتہ میں جونیئر ڈاکٹر پر ظلم و زیادتی کے خلاف احتجاج زور پکڑتا جارہا ہے اور انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک بھر میں مظاہرے بھی شروع ہوگئے ہیں، جس میں نہ صرف عام لوگ بلکہ مشہور شخصیات بھی حصہ لے رہی ہیں۔ بھارت کے سابق وکٹ کیپر بلے باز ریدھیمان ساہا نے سابق کپتان سورو گنگولی کے بعد سوشل میڈیا پر آر جی کار عصمت دری اور قتل کیس سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کرکے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
ریدھیمان ساہا کا چھلکا درد
ریدھیمان ساہا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر لکھا کہ وہ اس معاملے میں کچھ نہیں کر سکتے، لیکن ایک باپ کی حیثیت سے وہ بہت غصے اور تکلیف میں ہیں۔ انھوں نے یہ لکھا کہ کہ جب ہم اپنے بچوں کی حفاظت کو بھی یقینی نہیں بنا سکتے تو ہم خود کو انسان کیسے کہہ سکتے ہیں۔
انھوں اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میرا دل لاکھوں ٹکڑوں میں بکھر گیا ہے جب میں یہ لکھ رہا ہوں، میرے اپنے شہر، کولکتہ میں ہونے والے گھناؤنے جرم سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ بحیثیت معاشرہ ہمیں بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔ لڑکیاں اس دنیا میں ایک بہتر مقام اور خود کو محفوظ محسوس کرنے کے مستحق ہیں جہاں وہ بغیر کسی خوف کے آزادانہ طور پر چل سکتی ہوں۔
ہربھجن سنگھ نے بھی شدید غصے کا اظہار کیا
ساہا کے علاوہ کرکٹر سے سیاست دان بنے ہربھجن سنگھ نے بھی اس معاملے پر اپنا گہرا درد اور شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ نے اپنے ایکس ہینڈل پر 31 سالہ کولکاتہ ریپ کیس میں انصاف میں تاخیر پر مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی کو دو صفحات کا ایک کھلا خط بھی شیئر کیا ہے۔