بارہمولہ (جموں کشمیر):شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں جموں کشمیر پولیس کی جانب سے منشیات فروشی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک پولیس کارروائی کے دوران ضلع بھر میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 79 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جب کہ 145 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں 36 بدنام زمانہ اور مطلب منشیات فروش بھی شامل ہیں۔
بارہمولہ پولیس کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق تین درجن منشیات فروشوں کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جبکہ اس دوران 14 گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں جو بارہمولہ ضلع میں منشیات فروشی کی سرگرمیوں کے لئے استعمال ہوتی تھیں۔ 2024 کے مہینے میں بارہمولہ پولیس نے 1.88 کروڑ مالیت کے ممنوعہ اور سائیکو ٹراپک مادے بھی برآمد کیے ہیں۔ پولیس نے اس کے علاوہ منشیات فروشوں کی غیر منقولہ جائیداد بھی قرق کی ہے جبکہ گزشتہ برس منشیات فروشوں کے بینک اکاؤنٹ بھی منجمد کیے تھے۔