گاندربل، جموں و کشمیر:پاکستان میں مقیم لشکر طیبہ کی تنظیم مزاحمتی فورس (ٹی آر ایف) نے جموں و کشمیر کے گاندربل ضلع میں کل رات ہوئے عسکریت پسندانہ حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس حملے میں ایک ڈاکٹر اور چھ مہاجر مزدوروں کی موت ہو گئی۔ علاقے میں سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ٹی آر ایف کے بیان کے مطابق ٹی آر ایف کے سربراہ شیخ سجاد گل حملے کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔ گروپ کے مقامی ماڈیول نے یہ حملہ کشمیریوں اور غیر کشمیریوں کو ایک ساتھ نشانہ بناتے ہوئے کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے کا ہدف ایک تعمیراتی جگہ تھی جہاں ایک ارب ڈالر کی سرنگ کا منصوبہ، بنیادی طور پر فوجی نقل و حمل کے لیے، جاری ہے۔
این آئی اے حملے کی تحقیقات کرے گی
گاندربل عسکریت پسندانہ حملے کی تحقیقات نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کرے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کیس کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اس کی تحقیقات نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے سپرد کی جا سکتی ہے۔ اس وقت نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی ایک ٹیم ایک سینئر افسر کی قیادت میں جموں و کشمیر کے گاندربل ضلع کے گگن گیر میں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے۔