سرینگر (جموں کشمیر) :نیشنل کانفرنس (این سی) کے نائب صدر عمر عبداللہ کی بطور وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر (یو ٹی) حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے بعد پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ’’عوام نے بڑی امید کے ساتھ (این سی کو) مینڈیٹ دیا ہے کہ 5 اگست 2019 کے غلط فیصلے کو اسمبلی میں مسترد کیا جائے گا۔ اس سے پورے ملک کو یہ پیغام پہنچے گا کہ جموں و کشمیر کے لوگ اس (دفعہ 370کی تنسیخ اور جموں کشمیر کو دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کرنے کے) فیصلے کے ساتھ نہیں ہیں۔‘‘
محبوبہ مفتی نے سرینگر میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت کے قیام سے ’’ہماری روزمرہ کی زندگی کے مسائل، جیسے کہ بجلی کی کمی اور دیگر مشکلات بھی حل ہوں گی۔‘‘ محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ نئی حکومت کے قیام سے عوام کو یہ امید ہے کہ ان کی مشکلات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔