سرینگر (نیوز ڈیسک):نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتے کے روز صوبہ جموں میں چھ مختلف مقامات پر چھاپہ مارکر تلاشی لی۔ این آئی اے نے اپنے سرکاری پریس بیان میں کہا کہ ’’کالعدم دہشت گرد تنظیموں اور ان کی شاخوں کی جانب سے جموں و کشمیر میں اسٹیکی بموں، آئی ای ڈی اور چھوٹے ہتھیاروں وغیرہ سے پرتشدد حملے کرنے کی سازش سے متعلق آر سی-05/2022/این آئی اے/جے ایم یو کیس میں این آئی اے کی ٹیموں نے صوبہ جموں کے ڈوڈہ، رام بن اور کشتوار اضلاع کے کئی علاقوں میں تلاشی لی۔‘‘
این آئی اے کی جانب سے جاری پریس بیان کے مطابق ’’تلاشی کے نتیجے میں ڈیجیٹل آلات، دستاویز سمیت مجرمانہ مواد کو ضبط کیا گیا ہے۔ ہائبرڈ ملی ٹنٹس سے منسلک احاطے، اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیو) کے معاونین اور کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی نئی تشکیل شدہ شاخوں اور ملحقہ اداروں سے منسلک تنظیمیں خاص کر لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) جیش محمد (جی ای ایم) حزب المجاہدین (ایچ ایم)، البدر، القاعدہ وغیرہ شامل ہیں۔‘‘