بارہمولہ:شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ڈاک بنگلوو، رفیع آباد میں جموں کشمیر نیشنل کانفرنس (این سی) کی جانب سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں نہ صرف کارکنان سے اسمبلی الیکشن کے حوالہ سے مستعد رہنے کی اپیل کی گئی بلکہ کئی سیاسی و سماجی کارکنان نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔ پروگرام میں نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور رفیع آباد حلقہ سے پارٹی کے امیدوار جاوید ڈار کے علاوہ پارٹی سے وابستہ درجنوں کارکنان نے شرکت کی۔
پروگرام کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے جاوید احمد ڈار نے کہا کہ ’’رفیع آباد میں ٹورزم کے حوالے سے کافی کام کرنے کی ضرورت ہے، اور گزشتہ برسوں کے دوران اس خطے کی تعمیر و ترقی کے حوالہ سے کچھ بھی نہیں کیا گیا۔‘‘ انہوں الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جب خطے میں نیشنل کانفرنس کی حکومت کے دوران کئی ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا گیا تھا تاہم بدقسمتی سے گزشتہ دس برسوں سے رفیع آباد میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں پر کام روک دیا گیا، جس کے لئے انہوں نے مازبگ علاقے کے پل کی بھی مثال دی۔