حیدرآباد: سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (CBSE) کی آفیشل ویب سائٹ سے پتہ چلتا ہے کہ، بورڈ نے سپرنٹنڈنٹ اور جونیئر اسسٹنٹ کے عہدوں کے لیے درخواست طلب کی ہے۔ سی بی ایس نے آسامیوں میں پے لیول-6 کے لیے سپرنٹنڈنٹ اور پے لیول-2 جونیئر اسسٹنٹ کے لیے آل انڈیا مسابقتی امتحان کی بنیاد پر براہ راست بھرتی کے لیے آن لائن درخواستیں طلب کی ہیں۔
کس عمر کے نوجوان اپلائی کر سکتے ہیں؟
بات جنرل زمرہ کی کریں تو امیدوار کی عمر زیادہ سے زیادہ 30 سال ہونی چاہیئے، ایسے امیدوار سپرنٹنڈنٹ کے عہدے کے لیے اہل ہیں۔ وہیں 27 سال کی زیادہ سے زیادہ عمر والے امیدوار جونیئر اسسٹنٹ کے عہدے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ ان عہدوں میں دلچسپی رکھنے والے اور اہل امیدوار مزید جانکاری کے لیے سی بی ایس سی کی آفیشل ویب سائٹ پر وزٹ کریں۔ بھرتی کے لیے رجسٹریشن یکم جنوری سے شروع ہو کر 31 جنوری 2025 تک جاری رہے گی۔
کس طرح اپلائی کریں؟
امیدواروں کے لیے اہم شرط یہ ہے کہ درخواستیں صرف آن لائن رجسٹریشن کے ذریعہ ہی قبول کی جائیں گی۔ اپنی درخواست کو پوسٹ یا خود دفتر جا کر جمع کرانے کی غلطی نہ کریں کیونکہ اس طرح موصول ہونے والی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی اور مسترد کر دی جائیں گی۔
اہلیت:
سپرنٹنڈنٹ کے عہدے کے لیے درخواست دینے والے امیدوار کے پاس کسی تسلیم شدہ یونیورسٹی یا اس کے مساوی سے بیچلر کی ڈگری ہو، کمپیوٹر/کمپیوٹر ایپلی کیشنز کی مہارت ہو۔ جس میں ونڈوز، ایم ایس آفس، بڑے ڈیٹا بیس کی ہینڈلنگ، انٹرنیٹ کے کام کی جانکاری شامل ہے۔ سی بی ایس سی کے اشتہار کے مطابق درخواست دہندگان کو ایم سی کیو (MCQ ) ابتدائی اسکریننگ امتحان اور وضاحتی (descriptive ) تحریری مرکزی امتحان کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے گا۔ جونیئر اسسٹنٹ کے لیے ضروری ہے کہ امیدوار کے پاس بارہویں جماعت یا کسی تسلیم شدہ بورڈ یا یونیورسٹی سے مساوی اہلیت ہو۔ کمپیوٹر ٹائپنگ ضروری ہے جس کی رفتار انگریزی میں 35 ڈبلیو پی ایم اور ہندی میں 30 ڈبلیو پی ایم ہونی چاہیے۔
کہاں ہوگی پوسٹنگ؟
آل انڈیا مسابقتی امتحان کی بنیاد پر منتخب امیدواروں کو سی بی ایس سی بورڈ کے کسی بھی ریاست کے کسی بھی دفتر میں تعینات کیا جائے گا یعنی علاقائی دفاتر، سینٹر آف ایکسی لینس اے سی سی پی ڈی رائے بریلی۔ فی الحال سی بی ایس سی کے علاقائی دفاتر راجستھان کے اجمیر، یوپی کے الہ آباد، اڈیشہ کے بھونیشور، ایم پی کے بھوپال، کرناٹک کے بنگلورو، تمل ناڈو کے چنئی، پنجاب کے چندی گڑھ، اتراکھنڈ کے دہرادون، قومی دارالحکومت دہلی، یوپی کے نوئیڈا، آسام کے گوہاٹی، بہار کے پٹنہ، پنچکولہ، مہاراشٹر کے پونے، کیرالہ کے ترواننت پورم، آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ، اے سی سی پی ڈی رائے بریلی اور دبئی میں واقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: