جموں: یوم آزادی کی تقریبات سے قبل سرحد پر حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ 15 اگست کو ہندوستان کی یوم آزادی کی تقریبات پورے ملک میں منائی جاتی ہے۔ تاہم، ان تقریبات کے ساتھ ہی، بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جموں کی بین الاقوامی سرحد پر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ بین الاقوامی سرحد جموں کےسرحدی علاقوں میں خاص طور پر گھنے جنگلات، دریاوں اور ندیوں والے علاقوں میں حفاظتی انتظامات اور نگرانی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
ETV Bharat / jammu-and-kashmir
یوم آزادی سے پہلے جموں میں سخت حفاظتی انتظامات - High Alert in Jammu - HIGH ALERT IN JAMMU
ملک بھر میں ہر سال 15 اگسٹ کو یوم آزادی منایا جاتا ہے۔ جموں و کشمیر میں بھی اس ضمن میں مختلف تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔ جبکہ کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کا سخت بندوبست کیا جاتا ہے۔
Published : Aug 13, 2024, 8:55 PM IST
بی ایس ایف کے ذرائع نے منگل کو بتایا کہ یہ اقدام انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جن میں کہا گیا ہے کہ لشکر طیبہ، جیش محمد، اور حزب المجاہدین جیسے عسکریت پسند تنظیمیں پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کے ساتھ مل کر ہندوستانی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کر سکتی ہیں۔ بی ایس ایف کے اہلکار چناب دریا کے آس پاس کشتیوں کے ذریعے گشت کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان کی طرف سے کسی بھی حرکت پر نظر رکھنے کے لیے الیکٹرانک نگرانی اور ڈرون کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ ہائی ڈیفینیشن کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ تمام سرگرمیوں پر قریبی نظر رکھی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے حساس علاقوں میں بی ایس ایف کڑی نگرانی اور محتاط نگاہ رکھ رہی ہے۔ جموں کے علاقے میں پولیس نے بھی حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کر دیا ہے اور جموں شہر میں چیکنگ اور تلاشی کی کاروائیاں تیز کر دی ہیں۔ جموں کی پولیس نے عوام سے یوم آزادی کی تقریبات کو محفوظ اور کامیاب بنانے کے لیے تعاون کی درخواست کی ہے، اور ان سے کہا ہے کہ کسی بھی مشتبہ شخص یا چیز کی فوری طور پر اطلاع پولیس کو دی جائے۔