اسلام آباد: پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہونے والے دھماکے میں دو افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی بھی ہوا جس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق یہ دھماکہ شہر کے علاقے بورڈ بازار کے قریب ایک موٹر سائیکل پر ہوا جس میں ایک شخص زخمی بھی ہوا جسے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس کی بھی حالت نازک ہے۔
انسداد دہشت گردی کے حکام دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئے ہیں جب کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پشاور پولیس کے سربراہ کاشف عباسی نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مشتبہ بمبار بھی دھماکے میں مارا گیا ہے۔
پشاور صوبہ خیبر پختونخوا کا دارالحکومت ہے، جو پاکستانی طالبان گروپ، جسے ٹی ٹی پی بھی کہا جاتا ہے، کا سابقہ گڑھ ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے متاثرین کے لیے دعائے مغفرت کی۔ وزیراعظم دفتر کے ایک بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔