بیجنگ: چین نے جمعرات کے روز کہا کہ "مضبوط اور مستحکم تعلقات" چین اور بھارت کے مشترکہ مفادات کے حق میں ہیں۔ یہ رد عمل چین نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اس انٹرویو پر دیا جس میں مودی نے کہا تھا کہ بیجنگ کے ساتھ تعلقات اہم ہیں اور سرحدوں پر صورت حال کو پرامن رکھنے کے لئے توجہ دی جانی چاہیے۔
نیوز ویک میگزین کے ساتھ ایک انٹرویو میں وزیر اعظم مودی نے امید ظاہر کی ہے کہ سفارتی اور فوجی سطح پر مثبت اور تعمیری سوچ کے ذریعے، دونوں ممالک سرحدوں پر امن و سکون کو بحال اور برقرار رکھنے کے قابل ہو جائیں گے۔
جب مودی کے بیان پر چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ سے ان کا ردعمل پوچھا گیا تو انہوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کے بیان کو چین نے مثبت طریقے سے لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ چین اور بھارت کے مضبوط اور مستحکم تعلقات دونوں فریقوں کے مشترکہ مفادات کے لئے ہی بہتر ہیں جو خطے یا اس کے باہر امن اور ترقی کے لیے دونوں ممالک کے لئے سازگار رہیں گے۔ اپنے انٹرویو میں، جو کہ ماضی قریب میں کسی امریکی میگزین کو دیا جانے والا پہلا انٹرویو ہے، مودی نے کہا کہ بھارت کے لیے چین کے ساتھ تعلقات بہت اہم ہیں۔
"یہ میرا یقین ہے کہ ہمیں اپنی سرحدوں پر صورتحال کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہماری دوطرفہ بات چیت میں جو بھی رکاوٹیں ہیں ان کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ بھارت اور چین کے درمیان مستحکم اور پرامن تعلقات نہ صرف دونوں ممالک کے لئے بہتر ہوں گے بلکہ اس کا اثر پوری دنیا پر پڑے گا.’’