سرینگر : گزشتہ دنوں مین روڑ درگاہ حضرت بل سرینگرمیں آگ کی ایک بھیانک واردات میں تین رہائشی مکانات اور اثاثہ جات خاکستر ہونے اور بڑے پیمانے پر املاک و جائیداد کے نقصان پر دارالخیر میرواعظ منزل سرینگر نے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سرپرست دارالخیر میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق کی طرف سے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کی فوری باز آبادکاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اس دوران دارالخیر میرواعظ منزل کا ایک وفد جس کی قیادت مفتی غلام رسول سامون کررہے تھے نے مین روڑ درگاہ حضرت بل سرینگر جاکر متاثرہ تین کنبوں میں چاول ، آٹا،کمبل اور کچن کٹ وغیرہ اور بنیادی ضروریات کی چیزیں بطور امداد پیش کیں اور ان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ دریں اثنا دارالخیر میرواعظ منزل نے یہ بات پھر دہرائی ہے کہ ملت کشمیر اس حقیقت سے باخبر ہے کہ دارالخیر میرواعظ منزل اپنے قیام کی مدت سے لیکر آج تک برابر اپنے مخلصین کی مالی اور جنسی معاونت سے برا بر آفات سماویہ و ارضیہ کے دوران بلا امتیاز مذہب و ملت متاثرین کی حتی المقدور امداد اور بحالی کیلئے اپنی کوششوں میں مصروف عمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میر واعظ محمد عمر فاروق نے جامع مسجد میں عقیدمندوں سے خطاب کیا - MIRWAIZ UMAR FAROOQ
اس ضمن میں دارالخیر میرواعظ منزل نے اہل ثروت حضرات سے ماضی کی طرح اس ملی ادارے کی ہر ممکن مدد اور معاونت کی اپیل دہرائی ہے تاکہ امدادی کام جاری رکھا جاسکے۔