ماسکو: وزیراعظم نریندر مودی روس کے دو روزہ سرکاری دورے کے بعد منگل کو آسٹریا کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ مودی کا دورہ آسٹریا ایک تاریخی دورہ ہے۔ کیونکہ 41 سال کے طویل عرصے کے بعد پہلی بار کوئی بھارتی وزیر اعظم آسٹریا کا دورہ کر رہا ہے۔
وزیراعظم مودی اس دورے کے دوران جمہوریہ آسٹریا کے صدر الیگزینڈر وان ڈیر بیلن اور آسٹریا کے چانسلر کارل نہمر سے ملاقات کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مذید تقویت دینے کے علاوہ بھارت اور آسٹریا کے کاروبار میں اضافہ کرنا ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے روس کا اپنا اعلیٰ سطحی دورہ مکمل کیا جہاں انھوں نے صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ 22 ویں بھارت-روس سالانہ سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔
گزشتہ رات روسی صدر نے اپنی ہائش گاہ پر بھارتی وزیر اعظم کے لیے نجی عشائیہ کا اہتمام کیا تھا۔ اس بعد منگل کو دونوں رہنماوں دوطرفہ بات چیت بھی کی، جس میں یوکرین تنازعہ کا بھی ذکر کیا گیا۔ مودی نے پوتن سے کہا کہ یوکرین تنازعہ کا حل میدان جنگ میں ممکن نہیں ہے اور امن مذاکرات بموں، بندوقوں اور گولیوں کے درمیان کامیاب نہیں ہوتے۔
قبل ازیں صدر پوتن نے یوکرین کے بحران کا پرامن حل تلاش کرنے میں مدد کرنے کے لیے وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا۔ روس کے صدر نے وزیراعظم مودی کو باضابطہ طور پر ملک کے سب سے بڑے شہری اعزاز 'آرڈر آف سینٹ اینڈریو دی اپوسل' ایوارڈ سے بھی نوازا۔