تل ابیب:اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اتوار کو کہا کہ ستمبر میں حزب اللہ پر پیجر حملوں کی منظوری انہوں نے ہی دی تھی۔ اس حملے میں تقریباً 40 افراد ہلاک اور 3000 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے ترجمان اومر دوستری نے اے ایف پی کو بتایا کہ نیتن یاہو نے اتوار کو تصدیق کی کہ انہوں نے لبنان میں پیجر آپریشن کو گرین لائٹ دی۔ لبنان پر اسرائیلی حملوں کی شروعات سے قبل ہوئے پیجر حملے کے بارے میں نیتن یاہو کا پہلا عوامی قبولنامہ بیروت کی جانب سے ان حملوں پر اقوام متحدہ میں تل ابیب کے خلاف شکایت درج کرنے کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔
حملوں کے لیے اسرائیل کو قصوروار ٹھہرایا
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سال ستمبر میں، حزب اللہ کے اراکین کی جانب سے استعمال کیے جانے والے پیجرز اور واکی ٹاکیز میں ریموٹ دھماکوں کے لیے اسرائیل کو بڑے پیمانے پر ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا، جس نے ابھی تک اس میں ملوث ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی۔ ایسا پہلی بار ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔