اقوام متحدہ: جنوبی غزہ کی پٹی کے خان یونس میں اسرائیلی فوج نے ڈرون کا استعمال کرتے ہوئے چار نہتے عام فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا۔ سوشل میڈیا پر اسرائیل کی نسل کشی کا یہ ویڈیو خوب وائرل ہو رہا ہے۔ چار فلسطینی شہریوں پر بمباری کرتے ہوئے فوٹیج پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے الجزیرہ چینل کی طرف سے نشر ہونے والی فوٹیج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ، "سیکرٹری جنرل (انٹونیو گوٹیرس) ویڈیو فوٹیج سے سخت تشویش میں مبتلا ہیں۔"
حق نے بتایا کہ گوٹیرس نے غیر مسلح فلسطینیوں کے قتل کی "مکمل، آزاد اور قابل اعتماد" تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ فرحان حق نے کہا کہ، اقوام متحدہ کے سربراہ نے تمام فریقوں سے بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری کرنے کی اپیل کی ہے۔
یہ ویڈیو فروری میں خان یونس میں ایک اسرائیلی ڈرون سے حاصل کیا گیا ہے، جس میں چار فلسطینیوں کا تعاقب اور انہیں کئی میزائلوں سے نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ نوجوان اپنے گھروں کو تلاش کر رہے ہیں یا علاقے سے نقل مکانی سے پہلے فوج کی گاڑیوں کے ذریعے صاف کی گئی سڑک پر ملبے کے درمیان کچھ ڈھونڈ رہے ہیں۔ فوٹیج سے واضح ہوتا ہے کہ چاروں شہریوں کے پاس ہتھیار نہیں تھے اور ان سے کوئی خطرہ نہیں تھا۔