تل ابیب:اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے پہلی بار عوامی سطح پر اعتراف کیا کہ ایران کی راجدھانی تہران میں حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کا قتل ان کے ملک نے کیا۔ اسی کے ساتھ کاٹز نے یمن کی مسلح تنظیم حوثیوں کو بھی خبردار کیا کہ ان کا انجام بھی حماس کے سابق سربراہ جیسا ہوگا۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے پیر کو تل ابیب میں منعقدہ ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے "برائی کے محور (مزاحمت کے محور) کو شدید دھچکا پہنچایا ہے، اور ہم یمن میں حوثی دہشت گرد تنظیم کو بھی سخت دھچکا پہنچائیں گے، جو کہ اب تک سب سے آخر میں کھڑی ہے"۔
انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ "جب حوثی دہشت گرد تنظیم اسرائیل پر میزائل داغ رہی ہے، تو ایسے میں اپنے بیان کے آغاز میں انہیں ایک واضح پیغام دینا چاہتا ہوں۔ ہم نے حماس کو شکست دی، ہم نے حزب اللہ کو شکست دی، ہم نے ایران کے دفاعی نظام کو ناکارہ کر دیا اور اس کے میزائیل پیداواری نظام کو نقصان پہنچایا، ہم نے شام میں بشار الاسد کی حکومت کو گرا دیا ہے۔''