گاندربل: جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع پولیس ٹریننگ سینٹر منیگام میں تین روز قبل ٹرینی پولیس اہلکار کو ہلاک کرنے والے کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا اور اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئیں۔
22 دسمبر 2024 کو پولیس ٹریننگ سینٹر منیگام میں اس واقع میں تربیت حاصل کرنے والے پولیس اہلکار جس کی شناخت صریر احمد اعوان ساکن بونیار اوڑی کے بطور ہوئی تھی، صبح صادق اپنی ڈیوٹی پر جارہا تھا کہ اسی دوران اس پر بینکر میں حفاظت پر مامور پولیس کانسٹیبل بابو رام نے گولی چلا دی جس کے نتیجے میں صریر احمد اعوان موقعے پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
اس موقعے پر پولیس کے اعلیٰ حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار بابو رام ساکن جموں بٹالین 114 آئی آر پی کو فوری طور پر گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ زیر نمبر 307/2024 زیر دفعہ 103 بی این ایس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹریننگ سینٹر منیگام میں زیر تربیت ایک پولیس اہلکار گولی لگنے سے ہلاک
پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ مذکورہ کانسٹیبل نے کن وجوہات کی بنا پر ٹینی پولیس اہلکار پر فائرنگ کی۔ ادھر مقتول پولیس اہلکار کے اہل خانہ نے پولیس کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی پوری جانچ کرکے فائرنگ میں ملوث پولیس اہلکار کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔