گلمرگ: جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں منجمد درجہ حرارت اور ہڈیوں کو جما دینے والی سردی کے بیچ تاریخی گلمرگ چرچ میں کرسمس مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقعے پر چرچ میں امن، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے لیے دعائیں کی گئیں۔
گلمرگ میں واقع تاریخی سینٹ میری چرچ کو کرسمس کی روایات کے مطابق پُرکشش انداز میں سجایا گیا۔ پورا چرچ مذہبی تقریبات اور دعاؤں سے گونج اٹھا۔ عقیدت مندوں نے جشن کے منانے کے ساتھ امن و ہم آہنگی کی دعائیں بھی مانگیں۔
کرسمس کی سجاوٹ سے مزین چرچ میں مذہبی تقریبات کے بعد کیک کے ایک منفرد مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا جس کا مقصد کشمیر کے جامع اور روادار معاشرے کو فروغ دینا تھا۔ ان دلچسپ تقریبات کے ذریعہ سیاحوں کو یقین دلایا گیا کہ گلمرگ سیاحوں کے لیے ایک محفوظ اور دلکش مقام ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے عقیدت مندوں نے کہا کہ منفی درجہ حرارت میں بھی لوگوں میں کرسمس کا جوش و خروش قائم ہے۔ اس موقعے پر سجائے گئے گرجا گھروں میں خواتین اور بچوں سمیت عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن، ہمدردی اور بھائی چارے کے پیغمبر حضرت عیسیٰ مسیح کی تعلیمات نے انسانوں کو نیکی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ عیسیٰ مسیح شاید آج کے دور کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ موزوں ہیں جب دنیا بڑھتی ہوئی نفرت، عدم برداشت اور تشدد کا سامنا کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کرسمس اور نیے سال کے پیش نظر کشمیر کے بیشتر ہوٹل بُک
ایک اور مقامی نے کہا کہ "اس خوشی کے موقعے کو منانے سے مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے، سیکولرازم اور تکثیری روایات کے رشتے مضبوط ہوں گے جن کے لیے جموں و کشمیر ہمیشہ سے جانا جاتا ہے۔" ایک مقامی کشمیری پنڈت نے کہا کہ "اس موقعے پر روایتی ثقافتی اتحاد کا مظاہرہ ہوا۔ چرچ میں بہت سے کشمیریوں نے عیسائیوں کو مبارکباد پیش کی۔ پوری دنیا کرسمس کے جشن میں بھیگی ہوئی ہے اور یہاں گلمرگ میں جشن منانا تو اپنے آپ مین ایک الگ تجربہ ہے۔
چرچ کے پادری نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس محبت، امن اور اتحاد کا جشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب اپنے آپ میں کشمیر کی ہم آہنگی کے جذبے کی عکاس ہے، جہاں مختلف پس منظر کے لوگ اکٹھے ہوتے ہیں۔
ان تقریبات کے ذریعے، ہم محبت، ہمدردی اور افہام و تفہیم سے بھری دنیا کے لیے دعا کرتے ہیں۔" انہوں نے کہا کہ یہ ایک یاد دہانی ہے کہ امن اور خیر سگالی سب سے بڑا تحفہ ہیں جو ہم ایک دوسرے کو پیش کر سکتے ہیں۔