نئی دہلی: وزیر خارجہ ڈاکٹر جے شنکر نے بدھ کے روز آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے ساتھ ملاقات کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ بات چیت کی۔ واضح رہے کہ جے شنکر ایس سی او سربراہی اجلاس میں بھارت کی نمائندگی کے لیے منگل کو آستانہ پہنچے تھے۔
وزیر خارجہ جے شنکر نے ایکس پر لکھا کہ آج آستانہ میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ ہماری دو طرفہ شراکت داری اور عصری مسائل پر وسیع پیمانے پر بات چیت ہوئی۔ اس دوران کئی شعبوں میں پیش رفت کو بھی نوٹ کیا اور ان بھارتی شہریوں کے بارے میں اپنی سخت تشویش کا اظہار کیا جو اس وقت جنگ کے علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ان کی محفوظ اور جلد واپسی کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔ اس کے علاوہ عالمی اسٹریٹجک منظر نامے پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ جب سے روس-یوکرین جنگ شروع ہوئی ہے تب سے بھارت روس پر زور دے رہا ہے کہ وہ روسی فوج میں ملازم بھارتی شہریوں کی حفاظت اور وطن واپسی کو یقینی بنائے۔ رپورٹس کے مطابق 200 کے قریب بھارتی شہریوں کو روسی فوج میں سکیورٹی مددگار کے طور پر بھرتی کیا گیا تھا۔ وزارت خارجہ نے قبل ازیں اس بات کی تصدیق بھی کی تھی کہ جنگی علاقے میں چار بھارتی شہریوں کی موت ہوئی ہے۔
وزرائے خارجہ کے درمیان یہ ملاقات وزیر اعظم مودی کے روس دورے سے اس ہفتے پہلے ہوئی ہے۔ وزیر اعظم مودی ماسکو اور نئی دہلی کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے 8 جولائی کو ماسکو کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس دورے میں دفاع، تیل، گیس اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی جائے گی۔