غزہ: اسرائیلی جارحیت کے شکار غزہ سے درجنوں مریضوں اور زخمیوں کو باہر علاج کے لیے نکالا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسپتالوں اور اس کے آس پاس اسرائیل کے حملوں نے صحت کی دیکھ بھال کو دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ، منگل کے روز 45 مریضوں جس میں زخمی بھی شامل ہیں جنوبی شہر خان یونس کے یورپی اسپتال سے نکالے گئے اور کریم شالوم کراسنگ کے ذریعے اسرائیل پہنچائے گئے۔ محکمہ صحت کے مطابق ان مریضوں کا علاج متحدہ عرب امارات میں کرایا جائے گا۔
ان 45 مریضوں میں ایک 10 سالہ لڑکا عبداللہ ابو یوسف بھی ہے جس کے گردے ناکارہ ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی حکام نے بچے کے ساتھ اس کی والدہ کی شمولیت کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ حالانکہ بعد میں مریض کو اس کی بہن کے ہمراہ روانہ کیا گیا۔ اسرائیل نے درخواست کو مسترد کیے جانے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیکیورٹی کے لیے ایسکارٹس کی اسکریننگ کرتا ہے۔