اردو

urdu

ETV Bharat / international

اسرائیل غزہ میں ہٹلر کا کردار ادا کر رہا ہے: برازیلین صدر - غزہ

Brazil President on Gaza War برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ تاریخ غزہ کی اس وحشیانہ جنگ کی مثال نہیں پیش کر سکتی، جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے وہ ماضی میں کبھی بھی نہیں ہوا۔ اس وقت غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے یہ نسل کشی ہے۔ غزہ جنگ ویسی ہی ہے جیسا ہٹلر نے یہودیوں کے ساتھ کیا تھا۔

Etv Bharat
برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا

By UNI (United News of India)

Published : Feb 19, 2024, 7:41 PM IST

Updated : Feb 19, 2024, 10:58 PM IST

برازیلیا: برازیلین صدر کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کرکے ہٹلر کا کردار ادا کر رہا ہے، غزہ میں نسل کشی کو برازیل کے صدر نے ہولوکاسٹ سے تشبیہ دے دی۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا کی جانب سے یہ بیان ایتھوپیا میں افریقی یونین کانفرنس سے خطاب کے دوران دیا گیا۔

برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ تاریخ غزہ کی اس وحشیانہ جنگ کی مثال نہیں پیش کر سکتی، جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے وہ ماضی میں کبھی بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت غزہ میں جو کچھ ہو رہاہے یہ نسل کشی ہے۔ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر کے ہٹلر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ غزہ جنگ ویسی ہی ہے جیسا ہٹلر نے یہودیوں کے ساتھ کیا تھا۔

برازیلین صدر کا مزید کہنا تھا کہ یہ انتہائی جدید اسلحے سے لیس فوج کی غزہ میں عورتوں اور بچوں کے خلاف جنگ ہے۔ جو کچھ اسرائیلی فوج کی جانب سے کیا جارہا ہے یہ سپاہیوں کی سپاہیوں کے خلاف جنگ نہیں۔

برازیلی صدر کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے برازیلی صدر کا بیان ہولو کاسٹ کو معمولی بنانا ہے، ان کا بیان یہودیوں پر حملہ ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا نازیوں اور ہٹلر سے موازنہ کرنا سرخ لکیر عبور کرنا ہے، برازیلی صدر کا بیان اسرائیل کے حق دفاع پر حملہ ہے۔ علاوہ ازیں اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ برازیلی صدر کے بیان پر احتجاج کے لیے برازیلی سفیر کو طلب کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے، تازہ ترین حملوں میں مزید 127 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 127 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں میں 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 29 ہزار ہوگئی۔ اسرائیلی حملوں سے اب تک 68 ہزار 883 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ (یو این آئی مشمولات کے ساتھ)

Last Updated : Feb 19, 2024, 10:58 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details