سان فرانسسکو:شمالی کیلیفورنیا میں زلزلے کے جھٹکوں نے ایک بڑے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت سات اعشاریہ صفر ماپی گئی۔ زلزلہ کی شدت اتنی زیادہ تھی کے زمین ہل گئی اور چیزیں بکھر گئیں۔ لوگ جان بچانے کے لیے میزوں کے نیچے چھپنے کی کوشش کرنے لگے۔ یہی نہیں امریکی مغربی ساحل کے ساتھ ساتھ 5.3 ملین افراد کے لیے سونامی کی ایک مختصر وارننگ جاری کی گئی، جسے بعد میں واپس لے لیا گیا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ صبح 10:44 بجے ساحلی ہمبولڈ کاؤنٹی کے ایک چھوٹے سے شہر فرنڈیل کے مغرب میں آیا۔ زلزلہ کا مرکز اوریگون کی سرحد سے تقریباً 209 کلومیٹر دور تھا۔
زلزلے کے جھٹکے تقریباً 435 کلومیٹر دور سان فرانسسکو کے جنوب میں محسوس کئے گئے۔ یہاں کے رہائشیوں نے کئی سیکنڈ تک زلزلہ کو محسوس کیا۔ اس کے بعد کئی ہلکے جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔
زلزلے سے کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے۔ یہ زلزلہ 2019 میں رج کرسٹ میں 7.1 شدت کے زلزلے کے بعد کیلیفورنیا میں محسوس کئے گئے سب طاقتور زلزلوں میں سے ایک تھا۔