غزہ: دو سو روز میں اسرائیل قتل و غارت کے علاوہ غزہ میں کوئی ہدف حاصل نہ کرسکا۔ دشمن کو حزیمت اور شکست کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔
حماس کے عزالدین القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے 7 اکتوبر کو غزہ میں اسرائیل اور حماس کی لڑائی کے 200 روز مکمل ہونے کے موقع پر ٹیلی ویژن پر نشر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ 2 سو روز میں اسرائیل قتل و غارت کے علاوہ غزہ میں کوئی ہدف حاصل نہ کرسکا، دشمن کو حزیمت اور شکست کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔
ترجمان القسام بریگیڈ نے اپنے بیان میں فلسطینی مجاہدین گروپوں کے خاتمہ کے دعوؤں کو بھی جھوٹ قرار دے دیا۔ ابو عبیدہ نے قابض فوج کی جارحیت کے خلاف تمام محاذوں پر جد وجہد میں اضافے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کو 23 اپریل کو 200 روز مکمل ہوگئے ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 200 روز کے دوران غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 34 ہزار 183 افراد جاں بحق جبکہ 77 ہزار 143 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
غزہ میں اسرائیلی جنگ کے سب سے زیادہ شکار خواتین اور بچے ہوئے ہیں، اب تک جاں بحق ہونے والے افراد میں 14 ہزار 500 سے زائد بچے اور 9 ہزار 500 خواتین شامل ہیں۔ خیال کیا جارہا ہے کہ ہلاکتوں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہی کیونکہ کئی لاشیں اب بھی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے میں دبی ہوئی ہیں۔ (یو این آئی مشمولات کے ساتھ)
یہ بھی پڑھیں: غزہ پر اسرائیلی حملوں کا 200 واں دن، 34 ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق