علی گڑھ:بچے کی پیدائش کا موقع وہ ہوتا ہے جس کے بعد اکثر خواتین موٹی ہو جاتی ہیں۔ ان کا پیٹ لٹک جاتا ہے، جو کہ واپس پہلے جیسی حالت میں نہیں آتا۔ عام طور پر خواتین یہ سمجھتی ہیں کہ بچے کی پیدائش کے بعد ان کی زندگی ختم ہوگئی ہے۔ اسی وجہ سے وہ اپنا خیال رکھنا بالکل چھوڑ دیتی ہیں۔ یہ طرز عمل قطعی غلط ہے، بلکہ بچے کی پیدائش کے بعد دوبارہ سے نہ صرف لٹکے ہوئے پیٹ کو واپس اصلی حالت میں لایا جا سکتا ہے۔ بلکہ وزن بھی کم کیا جا سکتا ہے۔ کیونکہ اب پیٹ کی چربی کو کم کرنے سے متعلق ایک اہم تھیراپی تیار کرلی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
Leech Therapy On Nowrez کشمیر میں نوروز کے موقع پر لیچ تھراپی کے ذریعہ علاج کا رواج
اجمل خاں طبیہ کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبۂ نسواں و قبالت (زچگی) کی پوسٹ گریجویٹ اسکالر ڈاکٹر ثنا جمیل نے خواتین میں بچہ کی ولادت کے بعد پیٹ کی چربی کو کم کرنے سے متعلق ایک اہم تھیراپی تیار کی ہے۔ ڈاکٹر جمیل نے کہا کہ وہ اس اہم مسئلہ پر ایک مقالہ لکھ رہی ہیں اور اس تھیراپی کے مزید کلینیکل ٹرائلز انہیں مریضوں پر تازہ مشاہدات کے ساتھ اپنی تحقیق کو حتمی شکل دینے میں مدد کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسی خواتین جو مذکورہ مسئلہ سے پریشان ہیں ہر جمعہ اور سنیچر کو اجمل خاں طبیہ کالج اسپتال کے او پی ڈی نمبر 4 میں ان سے مشورہ کے لیے مل سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے زچگی کے بعد پیٹ کی چربی کا بڑھ جانا باعث تشویش ہوتا ہے، اور اکثر نئی ماؤں کے لیے حمل سے پہلے کی جسمانی کیفیت میں جانا ایک چیلنج ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ہم نے ایک خصوصی تھیراپی تیار کی ہے جس میں مساج، فومینٹیشن اور خصوصی ورزش شامل ہے، جو جسم کو سابقہ شکل میں لانے میں مدد کرتی ہے۔ ڈاکٹر ثنا نے کیمرے پر تھیراپی سے متعلق فی الحال کچھ بھی کہنے سے پرہیز کیا۔ کیونکہ اطلاع کے مطابق ان کی سپروائزر و صدر شعبۂ نسواں و قبالت (زچگی) پروفیسر سبوحی مصطفیٰ موجود نہیں ہیں۔ وہ حج کے مبارک سفر پر گئی ہوئی ہیں۔