نئی دہلی: انٹرنیٹ اور اسمارٹ فونز کے بڑھتے ہوئے رجحان کے ساتھ سیکڑوں خطرات بھی سامنے آئے ہیں۔ اسمارٹ فونز نے جہاں بہت سے کاموں کو آسان بنایا ہے، وہیں اس نے سکیمرز اور سائبر مجرموں کو لوگوں کو دھوکہ دینے کے نت نئے طریقے بھی فراہم کیے ہیں۔ اس کے پیش نظر، ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (TRAI) نے حال ہی میں لوگوں کو دھوکہ دہی اور آن لائن فراڈ سے بچانے کے لیے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔
اسپام ایس ایم ایس (Spam SMS) کے خطرے کو روکنے اور فشنگ اٹیک کو روکنے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر ٹرائی نے تمام ٹیلی کام فراہم کنندگان، بشمول مکیش امبانی کی قیادت والی ریلائنس جیو، سنیل متل کی بھارتی ایئرٹیل، ووڈافون آئیڈیا اور سرکاری بی ایس این ایل سے ٹریس ایبلٹی رولز دسمبر سے نافذ کرنے کو کہا ہے۔
تجارتی میسجزاور او ٹی پی (ون ٹائم پاس ورڈ) پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اس بڑے فیصلے کا اعلان پہلی بار اگست میں کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر ٹیلی کام کمپنیوں کو ان ٹریس ایبلٹی اقدامات کو لاگو کرنے کے لیے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔ لیکن ریلائنس جیو، ایئرٹیل، ووڈافون آئیڈیا اور بی ایس این ایل جیسی بڑی کمپنیوں کی درخواستوں کے بعد اس ڈیڈ لائن کو 30 نومبر تک بڑھا دیا گیا تھا۔